آج ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے مبصرین اور میڈیا کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے الیکشن کمیشن نے مبصرین اور میڈیا کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ایکریڈیشن کارڈ رکھنے والے مبصرین اور صحافی انتخابات کی کوریج کے لیے پولنگ اسٹیشن میں جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب غیرملکی مبصرین نے اسلام آباد میں مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا جہاں پولنگ عملے نے غیر ملکی مبصرین کو پولنگ کے طریقے سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کی 266 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 593 جنرل نشستوں کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان ووٹرز میں مرد ووٹرز کی کل تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔
ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہو گئی ہے تاہم کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملے کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ وقت پر شروع نہیں ہو سکی ہے۔
انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز انتخابات کی مکمل کوریج دے رہا ہے۔ الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ براہ راست صورتحال جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔
Comments
#الیکشن #کمیشن #کی #مبصرین #اور #میڈیا #کیلیے #اہم #ہدایات