کراچی: پاک بحریہ اورمیری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے بحیرہ عرب میں مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن کرتے ہوئے 9 بھارتی شہریوں کی جانیں بچالیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نےمیری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کرسمندر میں خراب ہوجانے والی ہندوستانی بوٹ کو ٹھیک کرکے اس پر سوار 9 بھارتی شہریوں کی جانیں بچائیں۔
سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں رجسٹرڈ ایک اوشین ٹگ ایس اے ایس 5 ہندوستانی ساحل کے قریب غیرفعال تھا،کراچی کے شمال مشرق میں 167ناٹیکل مائل کی دوری پرموجود ٹگ کو برقی جنریٹرکی خرابی کا سامنا تھا،جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی منقطع تھی۔
4فروری کی علی الصبح پاکستان نیوی کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹرکو مذکورہ ٹگ کی جانب سے مدد کا اشارہ ملا، ٹگ یکم فروری کوبھارت مہاراشٹرکی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کے لیے روانہ ہوا تھا اورمتحدہ عرب امارات(شارجہ )کی جانب جارہاتھا۔
پاک بحریہ نے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ کو سمندر میں ٹگ کو تلاش کرنے کا کام سونپا تھا جس کے بعد پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی شپ (پی ایم ایس ایس) کشمیر کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا جو علاقے میں معمول کی میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز پر تعینات تھا۔
پی ایم ایس ایس کشمیر نے ٹگ کو ساتھ ہی منسلک کرلیا اورتین گھنٹے کی سخت کوششوں کے بعد مرمت کرکے خرابی کو دورکردیا گیا۔
ٹگ کے تھکے ہوئے عملے کو تکنیکی مدد کے علاوہ طبی سہولیات اورخوراک اورتازہ پانی فراہم کیاگیا،جس کے بعد مذکورہ ٹگ نے عرب امارات کی بندرگاہ کی جانب دوبارہ سفرشروع کردیا۔
پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اورپیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔
#بحریہ #اورمیری #ٹائم #سیکیورٹی #ایجنسی #نے #سمندرمیں #پھنسے #9بھارتی #شہریوں #کی #جانیں #بچالیں