0

دہشتگردی کے واقعات داخلی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات داخلی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گوادر، تربت اور بشام میں بزدلانہ کارروائیاں صورتحال غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہیں، مسلح افواج نے گوادر اور تربت میں دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنایا۔

فوج کے ترجمان ادارے نے کہا کہ بشام میں تازہ ترین واقعے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 شہری جاں بحق ہوئے، قوم چینی بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، واقعات اسٹریٹیجک شراکت داروں اور چین کے ساتھ اختلافات کی سازش ہے، کچھ غیر ملکی عناصر ذاتی مفادات کیلیے دہشتگردوں کی مدد کر رہے ہیں، ایسے عناصر مسلسل دہشتگردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی گھناؤنی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، قوم اور سکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم مزید پختہ ہوتا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر لڑ رہا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جو استقامت کے ساتھ عالمی دہشتگردی کا مقابلہ کر رہا ہے، قوم اور اتحادی چین کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشتگردوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ یقینی بنائیں گے کہ دہشتگردی کی براہ راست یا بالواسطہ مدد کرنے والوں کو انجام تک پہنچایا جائے، قوم اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر برائی پر غالب آئیں گے۔

Comments


#دہشتگردی #کے #واقعات #داخلی #سلامتی #کو #غیر #مستحکم #کرنے #کی #کوشش #ہے