سعود شکیل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لاہور قلندرز کو شکست دے کر اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈیئٹر کو پی ایس ایل 9 کے پلے آف میں پہنچا دیا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹر نے نائب کپتان سعود شکیل کے برق رفتار اور ناقابل شکست 88 رنز کی بدولت لاہور قلندرز کو ہرا کر اپنی ٹیم کو پلے آف میں پہنچا دیا، جس کے بعد لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا سعود کے چھوٹے بازو سے متعلق بیان پر ایک بار پھر میڈیا میں بحث شروع ہو گئی۔
عاقب جاوید نے اپنے ماضی کے اس بیان کے حوالے سے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کلپ چلتا ہے وہ حقیقت نہیں ہوتا۔ سعود شکیل بہترین بلے باز ہے میں خود اس کا فین ہوں، جہاں تک بات ہو رہی ہے میرے اس بیان کی تو یہ میں نے اس وقت دیا تھا جب ورلڈ کپ کھیلا جا رہا تھا اور اسکور چار سو ، پونے چار سو تک جا رہا تھا اس وقت میں نے ٹیم کے اسٹائل آف پلے، اسپیڈ، رینج پاور پر بات کی تھی اور یہ میں نشاندہی کرتا رہتا ہوں تاکہ وقت پر اس کا تدارک کر لیا جائے کیونکہ یہی خامیاں ہماری ہاکی کو بہت نیچے لے گئیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ہماری کرکٹ جس طرف جا رہی ہے اس میں میں تمام کھلاڑیوں بالخصوص نوجوان کرکٹرز کو کہوں گا کہ آپ کو اپنی باڈیز پر کام کرنا ہوگا اگر ٹی ٹوئنٹی میں 200 پلس اسکور کرنا ہے تو یہ جسمانی طاقت سے ہی ممکن ہے جیسا کہ رواں پی ایس ایل میں پولارڈ اور پاول نے ثابت کیا ہے، اگر آپ نے دنیا کا بڑا کرکٹر بننا ہے تو بیٹر کے ساتھ فٹر (چُست) بھی بننا پڑے گا۔
لاہور قلندرز کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم ابتدائی ایڈیشن میں بالکل نیچے جا رہی تھی پھر ہم نے ہیرے تلاش کیے اور ٹیم کامبی نیشن بنایا، دو بار لگاتار چیمپئن بنے، لیکن جب کسی ٹیم کے پلرز ہلتے ہیں تو ٹیم کی پرفارمنس بھی نیچے جاتی ہے ہمیں 10 دن میں چھ ایسے میچز دیے گئے کہ شکست در شکست کے بعد سنبھلنے کا موقع نہیں ملا، ویسے اس ٹورنامنٹ میں ہم سوائے ایک میچ کے جس میں بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ سب خراب رہی باقی تمام میچز بہت کلوز کھیلے جو بدقسمتی سے جیت نہ سکے۔
Comments
#سعود #شکیل #کے #چھوٹے #چھوٹے #بازو #ہیں #کیا #عاقب #جاوید #اپنے #بیان #پر #اب #بھی #قائم #ہیں