0

طلبہ متوجہ ہوں! امتحانات میں اچھے گریڈز چاہتے ہیں تو یہ کام کریں

سالانہ امتحانات میں کامیابی کے لیے ہر طالب علم محنت کرتا ہے لیکن ہم محنت ساتھ کچھ ایسی غذائیں بتائیں گے جو آپ کا امتحانی نتیجہ بہتر بنا سکتی ہیں۔

پاکستان میں امتحانات کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ چھوٹی کلاسز سے شروع ہونے والے امتحانات آئندہ تین ماہ تک مڈل، میٹرک، انٹر کلاسوں تک مرحلہ وار جاری رہیں گے۔ امتحانات کے لیے کچھ طلبہ سارا سال محنت کرتے ہیں اور کچھ ایسے بھی ہیں جو امتحان قریب آتے ہی رٹا لگانے لگتے ہیں۔

ہمارے نظام امتحان میں نصاب کو یاد رکھنا اور پھر اس کے مطابق پرچے دینا ہے اسی لیے طلبہ کی ساری توجہ اپنا سلیبس یاد کرنے پر ہوتی ہے جس میں بعض اوقات کئی طلبہ کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ یاد رکھنے کا تعلق ذہنی صلاحیت سے ہوتا ہے یعنی جس کا دماغ جتنا تیز ہوتا ہے وہ اتنی تیزی سے یاد کرتا ہے۔

آج ہم آپ کو وہ غذائیں بتائیں گے جس کے کھانے سے آپ کا دماغ بھی تیز ہوگا اور یوں آپ اچھے طریقے سے امتحانات کی تیاری کر کے گریڈز کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

اس حوالے سے ایک غیر ملکی ویب سائٹ پر ایک مضمون شائع ہوا ہے جس میں ایسی صحت مند غذائیں تجویز کی گئی ہیں جو دوران امتحانات طلبہ کھا کر اپنے دماغ کو فعالیت کو مزید تیز کر سکتے ہیں۔

پروٹین سے بھرپور خوراک:

امتحانات کے دنوں میں پروٹین سے بھرپور کھانے دماغ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انسانی جسم پروٹین کو جذب کرنے کے لیے کچھ وقت لگاتا ہے اور پھر مسلسل توانائی فراہم ہوتی ہے۔ اسی لیے امتحانات کے دنوں میں پنیر، چنے، انڈے اور پروٹین سے بھرپور خوراک کھانی چاہیے۔

خاص طور پر انڈے، جس میں شامل وٹامن بی سکس، فولک ایسڈ، پروٹین اور وٹامن بی 12 دماغی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔

تُرش پھل:

ترش پھل جیسا کہ کینو، مالٹا، موسمبی، لیموں کھانے سے ذہنی صحت اور دماغ کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ اس سے قوت مدافعت بڑھتی ہے اور امتحانات کے دنوں میں غیر ضروری بیمار ہونے سے بچا جا سکتا ہے۔

خشک میوہ جات:

خشک میوہ جات سب کو ہی پسند ہیں۔ اس میں بالخصوص اخروٹ اور بیج میں وٹامن ای اور زنگ جیسے اہم غذائی اجزا بھرپور مقدار میں ہوتے ہیں جس سے دماغی افعال مزید تیز ہوتے ہیں۔

ڈارک چاکلیٹ:

چاکلیٹ ہر عمر کے لوگوں کو پسند ہوتی ہے لیکن ہم یہاں عام چاکلیٹ نہیں بلکہ ڈارک چاکلیٹ کی بات کر رہے ہیں کیونکہ اس میں پائے جانے والے کوکوا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے ہونے والی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ کوکوا کی وجہ سے دماغ کے مختلف حصوں میں نیورون اور خون کی نسیں بڑھتی ہیں، خون کی گردش تیز ہوتی ہے، جس سے یادداشت بہتر ہوتی ہے اور لوگ کئی نئی چیزیں با آسانی سیکھ سکتے ہیں۔

یہ تو ہو گئیں وہ کھانے کی اشیا جس کا  استعمال آپ کی دماغی صلاحیت بڑھا کر آپ کے امتحانات کی اچھی تیاری میں معاون ثابت ہو سکتا ہے لیکن کچھ ایسی بھی غذائیں ہیں جو دوران امتحانات کھانے سے مذکورہ غذاؤں کے مندرجہ بالا فوائد حاصل نہیں ہوسکتے۔

اس لیے طلبہ وطالبات امتحانات کے دنوں میں کیفین، مٹھاس سے بھرپور کھانے، سافٹ ڈرنکس، پروسیسڈ فوڈ اور تلی ہوئی چیزیں کھانے سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ پانی کا زیادہ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ نیند کو پورا کیا جائے۔

Comments


#طلبہ #متوجہ #ہوں #امتحانات #میں #اچھے #گریڈز #چاہتے #ہیں #تو #یہ #کام #کریں