راولپنڈی: پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کے جارح مزاج بیٹر عثمان خان نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے دوران ملتان سلطانز کے بلے باز عثمان خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں تاریخ رقم کردی۔
پاکستان سپر لیگ 9 کے اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 229 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے اس میچ میں عثمان خان نے اسلام آباد کیخلاف سنچری بنادی۔
ملتان سلطان کے بیٹر عثمان خان نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر سنچری اسکور کی، ان کی سنچری میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں، جس کے بعد وہ ایونٹ میں مسلسل دو سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
اس سے قبل تین مارچ کو کھیلے جانے والے میچ میں عثمان خان نے کراچی کنگز کے خلاف 106 رنز کی ناقابل شکشت اننگ کھیلی تھی۔
ملتان سلطان کے عثمان خان کی یہ مجموعی طور پر تیسری پی ایس ایل سنچری ہے، جس کے بعد وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مجموعی سنچری بنانے والے مشترکہ پلیئر بن گئے۔
ملتان کے بیٹر نے کامران اکمل کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا، کامران اکمل نے بھی پی ایس ایل میں مجموعی طور پر تین سنچریاں بنائیں ہیں۔
Comments
#عثمان #خان #نے #نئی #تاریخ #رقم #کر #دی