0

میکسیکو کی سرحد پر امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ 3 اہلکار ہلاک

امریکی فوجی ہیلی کاپٹر میں خاتون سمیت 4 اہلکار موجود تھے، فوٹو: فائل

امریکی فوجی ہیلی کاپٹر میں خاتون سمیت 4 اہلکار موجود تھے، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں میکسیکو کی سرحد کے نزدیک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس میں 3 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر میکسیکو کی سرحد پر پیٹرولنگ میں مصروف تھا۔ ایئر بیس سے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران میکسیکو کی سرحد کے نزدیک ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔ ملبے سے نیشنل گارڈ کے 2 اور بارڈر فورس کے ایک اہلکار کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ ایک کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں خاتون سمیت 4 اہلکار سوار تھے تاہم حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ان کے لواحقین اور رشتہ داروں کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔

امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں دہشت گرد حملے کے شواہد نہیں ملے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ فضا میں ہی ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اُٹھی تھی اور وہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ خوش قسمتی جس جگہ ہیلی کاپٹر گرا وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔

 

 

 


#میکسیکو #کی #سرحد #پر #امریکی #فوج #کا #ہیلی #کاپٹر #گر #کر #تباہ #اہلکار #ہلاک