اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 8 فروری کے عام انتخابات 2024 میں کامیاب ہونے والے اراکین کی حلف برداری کی تیاریاں شروع کر دیں۔
آرٹیکل 224 کی شق 2 کے تحت 14 دن میں الیکشن کمیشن نتائج دینے کا پابند ہے۔ الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کے گزٹ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوائے گا۔ آرٹیکل 91 کی شق 2 کے تحت عام انتخابات سے لے کر 21 دن میں قومی اسمبلی اجلاس بلانا آئینی تقاضا ہے۔
نگراں وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت 21 دن سے پہلے کسی بھی وقت اجلاس بلا سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلیے آئین کے تحت 21 دن سے زیادہ تاخیر نہیں کی جا سکتی۔
پارلیمانی امور سے منسلک ذرائع نے اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ قومی اسمبلی اجلاس اراکین کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد طلب کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے قومی اسمبلی ہال کی تزئین و آرائش کروانا شروع کر دی، افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نومنتخب اراکین سے حلف لیں گے جس کے بعد نئے اسپیکر کے انتخاب کے طریقہ کار اور تاریخ کا اعلان ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے بعد نومنتخب اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اسپیکر نئے قائد ایوان کے انتخاب کے طریقہ کار کا اعلان کرے گا۔
قائد ایوان کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کو ایک دن کا وقت دیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ڈویژن کے ذریعے ہوگا۔ نومنتخب وزیر اعظم کیلیے ایوان کے نصف اراکین کی حمایت حاصل کرنا لازمی ہے۔
336 اراکین پر مشتمل ایوان سے وزیر اعظم کے انتخاب کیلیے 169 ووٹ لازمی ہیں۔ وزیر اعظم قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔
Comments
#نومنتخب #اراکین #قومی #اسمبلی #کی #حلف #برداری #کیلیے #تیاریاں #شروع