0

نو منتخب صدر آصف زرداری آج حلف اٹھائیں گے

پاکستان کے 14 ویں نو منتخب صدر آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں حلف برداری کی پُروقار تقریب شام 4 بجے ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آصف علی زرداری گزشتہ روز پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ وہ اپنے عہدے کا آج حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی پُروقار تقریب شام 4 بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان سے حلف لیں گے۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

نئے صدر مملکت کے لیے گزشتہ روز انتخاب ہوا تھا جس کے لیے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی تھی۔

حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری مجموعی طور پر 411 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر پاکستان منتخب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے۔

آصف علی زرداری کو پالیمنٹ ہاؤس سے 255 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 119 الیکٹورل ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 58 اور محمود خان اچکزئی کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔

پنجاب اسمبلی سے حکومتی امیدوار کو 43 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار 18 الیکٹورل ووٹ ملے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 8 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 41 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

بلوچستان اسمبلی سے سابق صدر نے 47 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان اچکزئی کو ایک بھی الیکٹورل ووٹ نہیں ملا۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری دوسری بار صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2008 سے 2013 تک بھی صدر پاکستان رہ چکے ہیں۔

Comments


#نو #منتخب #صدر #اصف #زرداری #اج #حلف #اٹھائیں #گے